نئی دہلی، 14؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج وزارت دفاع کا اضافی چارج سنبھال لیاہے ، اس سے پہلے 2014میں بھی 6 ماہ تک ان کے پاس دونوں عہدے تھے۔گوا کا وزیر اعلی بننے کے لیے منوہر پاریکر کے وزیر دفاع کے عہدے سے استعفی دئیے جانے کے بعد کل جیٹلی کو وزارت دفاع کااضافی چارج سونپا گیا تھا۔مودی کابینہ کے سینئر وزراء میں سے ایک جیٹلی 26؍مئی 2014سے لے کر 9 ؍نومبر 2014تک بھی وزارت دفاع کا چارج سنبھال چکے ہیں ، اس کے بعد پاریکر کو گوا سے لا کر وزارت دفاع کی ذمہ داری سونپی گئی تھی ۔وزیر دفاع کے طور پر پاریکر کے دور میں دفاعی سودوں میں دشواریاں دور ہوئیں اور خریداری کے عمل کو آسان بنایا ۔